کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں ہونے والے پولیس مقابلے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا جبکہ ایک ڈاکو مارا گیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ سائٹ ایریا میں ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق مسلح ملزمان سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 اہلکار زخمی ہوئے، زخمی اہلکار واجد اسپتال منتقلی کے دوران شہید ہوئے۔
ایس ایس پی کیماڑی امجد شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ مقابلے میں ایک ڈاکو مارا گیا، اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ شہید پولیس اہلکار کی شناخت 27سال کے واجد کے نام سے ہوئی۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی کیماڑی سے فوری طور پر واقعے کی تفصیلات طلب کیں اور خصوصی ہدایات جاری کیں۔
وزیرداخلہ سندھ نے ایس ایس پی کیماڑی کو ہدایت کی کہ دیگر تفصیلات سے بھی فوری آگاہ کیا جائے۔
بعد ازاں ایس ایس پی کیماڑی امجد شیخ نے نجی اسپتال جاکر شہید اہلکار کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ شہید اہلکار واجد مانسہرہ کا رہائشی اور شادی شدہ تھا، واجد نے نہایت بہادری سے ملزمان کا مقابلہ کیا، مقابلےمیں ایک ڈاکو مارا گیا، جس سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : پولیس مقابلے میں ہلاک دونوں ڈاکوؤں کی شناخت
یاد رہے کہ کراچی میں 11 جنوری کی رات پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان کی شناخت ہوگئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 ملزمان کی ہلاکت سے متعلق پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ مارے گئے دونوں ملزمان کئی برسوں سے ڈکیتی، قتل جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھے۔
ایس آئی یو کے ایس ایس پی عمران کا کہنا تھا کہ ہلاک ملزمان کی شناخت محمد بلال اور نقاش کے نام سے ہوئی ہے، ہلاک ملزمان ایس آئی یو کو دوران ڈکیتی قتل کیس میں مطلوب تھے۔
سلمان لودھی اے آر وائی نیوز کراچی کے کرائم رپورٹر ہیں۔



