بلوچستان کے 10 اضلاع کی 137 یوسیز میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

کوئٹہ : بلوچستان کے 10 اضلاع کی 137 یوسیز میں انسداد پولیس مہم کا آغاز کل سے کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد پولیس مہم کے دوران 5 لاکھ، 61 ہزار 981 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، پولیو مہم کے دوران 1678 موبائل ، 122 فکسڈ ٹیمیں اور 38 ٹرانزٹ ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔
ڈاکٹر سیف الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’’پولیو مہم کے دوران ٹرانزٹ پوائنٹس پر آنے والی ہر گاڑی کو کو چیک کر کے 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے‘‘۔ انہوں نے مزید کہاکہ ’’ٹرانزٹ پوائنٹ پر پولیو چیک پوسٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں پولیو مہم کے حوالے سے بینربھی آویزاں کیا جائے گا تاکہ اس پیغام کو بچوں کے والدین تک پہنچایا جاسکے، ڈاکٹر سیف الرحمن نے والدین سے اپیل کی ہے کہ ’’وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائیں تاکہ مہلک بیماری سے بچنے کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں اس بیماری سے نجات حاصل کی جاسکے۔
ڈاکٹر سیف نے سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے آگاہ کیا کہ ’’گھر وں پر جاکر پولیو کے قطرے پلانے والی رضاکاروں کو ٹیموں کی صورت میں ہر علاقے میں بھیجا جائے گا، اس دوران اُن کے ساتھ پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور رہیں گے، جبکہ ٹرانزٹ پوائنٹس اور فکسڈ مقامات پر بھی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔
پڑھیں : قبائلی علاقے میں پولیو کیسز کی شرح صفرپرپہنچ گئی
مزید پڑھیں : انسداد پولیو کے لیے جاپان کا پاکستان کو قرض
یاد رہے پاکستان اور افغانستان دنیا کے وہ واحد ممالک جہاں پولیو کا مرض تاحال موجود ہے جبکہ 2014 میں پڑوسی ملک بھارت کو عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پولیو فری ملک قرار دیا جاچکا ہے، جبکہ پاکستان میں پولیو کے مریضوں کی تعداد 306 تک جاپہنچی ہے جو گزشتہ 14 سال کی بلند ترین شرح ہے۔