تازہ ترین

ملک بھر میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

کراچی : ملک بھر میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، تین کروڑ پچاس لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

ملک کو پولیو فری بنانے کیلئے بھرپور کوششیں جاری ہے، تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے، مہم میں ساڑھے تین کروڑ بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف ہے۔

کراچی کے چھ اضلاع میں بائیس لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے، کمشنر کراچی اور معروف فنکار سلمان احمد نے سوبھراج اسپتال میں قطرے پلاکر مہم کا آغاز کیا، پولیو مہم کیلئے سیکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔

سلمان احمد نے کہا کہ پاکستان سے پولیو ختم کرنا تاریخی کامیابی ہوگی۔

لاہور کی تمام یونین کونسلز میں انسداد پولیو مہم ک آغاز کردیا گیا ہے، مہم میں چار ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

خیبر پختونخوا میں بھی پولیو سے بچاؤ کیلئے چھپن لاکھ بارہ ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین دی جائے گی، فاٹا اور ایف آرز میں پانچ سال سے کم عمر کے نو لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال جنوبی وزیرستان سےدو پولیو کیس رپورٹ ہوئے تھے۔

Comments