کوئٹہ : بلوچستان میں سیاسی بحران مزید شدت اختیار کرتا جارہا ہے، ناراض اراکین مائنس جام کمال پر ڈٹ گئے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں سیاسی بحران میں شدت آتی جارہی ہے، ناراض اراکین وزیراعلی بلوچستان کے استعفے پر بضد ہیں تاہم وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان استعفی نہ دینے پر ڈٹے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد میں موجود ناراض اراکین مائنس جام کمال پر ڈٹے ہوئے ہیں، جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جام کمال نے بطور پارٹی صدر سیاست کی بحرانی صورتحال کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کو خط ارسال کیا ہے، جس میں ان کا کہنا تھا کہ صدر کے ہوتے جنرل سیکریٹری کے خط کی پارٹی آئین میں حیثیتت نہیں۔
وزیراعلیٰ جام کمال نے مزید کہا کہ میں بلوچستان عوامی پارٹی کا صدر ہوں اور ابھی تک تحریری طور پر استعفیٰ نہیں دیا ہے۔
وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان استعفی نہ دینے پر ڈٹ گئے
خیال رہے کہ بی اے پی کے رہنما اسد بلوچ کا کہنا تھا کہ وزرا اور مشیروں کے استعفے جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد ہے، وزیراعلیٰ جام کمال نے استعفی نہ دیا تو تحریک عدم اعتماد پیش کریں گے۔
اپوزیشن اراکین نے سیاسی بحران کے خاتمے کے لیےگورنر سے مدد طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ گورنر وزیراعلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے لیے اسمبلی اجلاس طلب کریں۔