کراچی : ایم کیو ایم کے گڑھ نائن زیرو ، مکا چوک اور جناح گراؤنڈ سے قائد ایم کیو ایم کی تصاویر اور بینرزہٹا دیئے گئے، اس پر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا درعمل سامنے آرہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی اور حیدر آباد میں مائنس الطاف حسین کی لہر چل پڑی، کراچی میں ایم کیو ایم کے گڑھ نائن زیرو ، مکاچوک اور جناح گراؤنڈ سے قائد ایم کیو ایم کی تصاویر اوربینرزہٹا دیئے گئے ایسا ہی حیدر آباد اور لطیف آباد میں بھی ہوا۔
کراچی کی اس صورتحال پر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ متحدہ سے متعلق فیصلہ جلد ہو جائے گا، پاکستان سے اہم کچھ نہیں، غیر ذمہ دارانہ باتیں کی گئیں، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ 10دن انتظار کریں،ایم کیوایم سے متعلق صورتحال واضح ہوجائے گی۔
پی ٹی آئی کے رہنماعلی زیدی نے کہا کہ فاروق ستار کی پریس کانفرنس ڈرامہ تھی، پاکستان مخالف باتیں کرنے والوں کی تصاویر شہر میں لگی ہی کیوں ؟
پاک سرزمین پارٹی کےرہنمارضا ہارون نے قائد ایم کیو ایم کی تصاویر ہٹانے کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو کچھ بھی ہورہا ہے وہ توجہ ہٹانے کے لئے کیا جارہا ہے۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم نے قبضے کی زمین پر بنائے گئے متحدہ دفاتر گرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مسائل نمائشی اقدامات سے ختم نہیں ہونگے، کراچی میں کئے گئے قبضے ختم کرائے جائیں۔
اے این پی کے رہنما شاہی سید نے کہا جوکام آج کیا گیا وہ دس سال پہلے کرنا چاہئے تھا، اردو بولنے والے بہت اچھے ہیں، انکا قائد اچھا نہیں تھا، پاکستان مخالف باتیں کرنے والے شخص کو جیل میں ہونا چاہئے۔
شاہی سید نے کہا کہ اردو بولنے والوں نے پاکستان کے لئے قربانیاں دی ہیں، پہلے کہا تھا یہ بندہ غلط ہے اور ’’را‘‘کے لئے کام کرتا ہے۔