واشنگٹن: امریکا نے روس کے ساتھ ایٹمی ہتھیاروں میں کمی کا معاہدہ معطل کردیا ہے، امریکا اور روس کے درمیان سرد جنگ کے دوران معاہدہ ہوا تھا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا نے روس پر ایٹمی ہتھیاروں کے معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے ایٹمی ہتھیاروں میں کمی کا معاہدہ معطل کردیا۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے معاہدے کی منسوخی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے مکمل تعاون کے باوجود روس کافی عرصے سے ایٹمی معاہدے کی شقوں کی خلاف ورزی کرتا رہا جو اب ناقابل برداشت ہوگیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ کوئی بھی معاہدہ یک طرفہ زیادہ عرصے تک نہیں چل سکتا، روس کے رویے کی وجہ سے امریکا انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوا ہے جو کہ خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے بے حد ضروری تھا۔
مزید پڑھیں: امریکا کا روس کے ساتھ ایٹمی ہتھیاروں کا معاہدہ ختم کرنے کا اعلان
واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کے معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ روس نے 1987 کے انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز (آئی این ایف) معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
آئی این ایف معاہدے کے مطابق زمین سے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں پرپابندی ہے، یہ فاصلہ 500 سے 5500 کلومیٹرہے۔
امریکی صدر نے کہا تھا کہ امریکا روس کو ان ہتھیاروں کی اجازت نہیں دے گا، روس برسوں سے اس معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہا۔
یاد رہے کہ روسی صدر ولادی میرپیوٹن نے 2007 میں اعلان کیا تھا کہ یہ معاہدہ اب روسی مفادات میں نہیں ہے۔