ہفتہ, فروری 7, 2026
اشتہار

پونزی اسکیم اور آن لائن فراڈ، عدالت میں ملکی و غیر ملکی ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (31 دسمبر 2025): جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے مبینہ پونزی اسکیم اور آن لائن فراڈ کیس میں ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔

نیشنل سائبر کرائم انوسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کراچی نے ڈی ایچ اے میں کارروائی کرتے ہوئے آن لائن سرمایہ کاری کے فراڈ میں ملوث ایک منظم بین الاقوامی گروہ کے کارندوں کو گرفتار کیا تھا، جن میں 15 غیر ملکی اور 19 مقامی افراد شامل تھے۔ ملزمان متاثرین سے کرپٹو کرنسی اور فارکس ٹریڈ میں سرمایہ کاری پر بھاری منافع کے جھوٹے وعدے کرتے تھے۔

ملزمان نے ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا، تاہم جج گلریز میمن نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے پونزی اسکیم آن لائن فراڈ کیس میں ملوث ملزمان کی درخواست مسترد کر دی۔

اس کیس کی تحقیقات انویسٹگیشن افسران سید عدنان شاہ اور طارق ارباب نے کیں، استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے جعلی سرمایہ کاری اسکیمیں چلا رہے تھے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ملزمان پر الزامات کی نوعیت سنگین ہے اور تفتیش ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے، استغاثہ کے مطابق تمام ملزمان ایک دوسرے کے ساتھ ملی بھگت سے عوام کو دھوکا دینے میں ملوث رہے، اور بادی النظر میں جعلی منافع دکھا کر عوام کو سرمایہ کاری پر راغب کیا گیا۔

عدالت نے کہا ملزمان مکمل طور پر فعال کال سینٹر چلا رہے تھے، اور ان کے خلاف شواہد ریکارڈ پر موجود ہیں، اس لیے انھیں ضمانت دینا اس مرحلے پر مناسب نہیں ہے۔

یاد رہے کہ مذکورہ ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے وزیرِ داخلہ ضیا الحسن لنجار نے پریس کانفرنس بھی کی تھی۔ ملزمان متاثرین کو جعلی سرمایہ کاری پلیٹ فارمز پر اکاؤنٹ بنوا کر سرمایہ کاری کی طرف راغب کرتے تھے، اور جعلی باٹس کے ذریعے ٹیلیگرام گروپس میں ہونے والی گفتگو اور سرگرمیوں کی وجہ سے متاثرین ان پلیٹ فارمز کو قابل اعتماد سمجھ لیتے تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان سے غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینج سیٹ اپ کے ساتھ ہزاروں غیر ملکی سمیں بھی برآمد کی گئیں، جو زیادہ تر سوشل میڈیا اور ٹیلیگرام پر جعلی اکاؤنٹس بنانے کے لیے استعمال کی جا رہی تھیں، تاکہ گروپس میں جعلی ناظرین اور شرکا کو ظاہر کیا جا سکے۔

این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان سے 37 کمپیوٹرز، 40 موبائل فونز، 10 ہزار غیر ملکی سم کارڈز، اور 6 غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینج برآمد ہوئے۔

+ posts

اصغر عمر اے آر وائی نیوز سے بطور کورٹ رپورٹر وابستہ ہیں

اہم ترین

اصغر عمر
اصغر عمر
اصغر عمر اے آر وائی نیوز سے بطور کورٹ رپورٹر وابستہ ہیں

مزید خبریں