اسلام آباد: وزیر مملکت تعلیم وامور داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن کا کہنا ہے کہ مضر صحت دودھ کی سپلائی سے شہریوں کی صحت متاثر ہورہی ہے، انہوں نے کہا کہ دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی.
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر مملکت تعلیم وامور داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن نے مبینہ طورپرمضر صحت دودھ کی سپلائی پرتوجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا.
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ دودھ کو گاڑھا کرنے کے لیے کیمیکل استعمال کیے جاتے ہیں، ایک سال سے کیمیکل کی ملاوٹ پرکارروائیاں کی جا رہی ہیں جس کے تحت آئی سی ٹی فوڈسیفٹی اینڈ اسٹینڈرایکٹ بھی تیار کر لیا ہے ، جبکہ 21ہزارلیٹرناقص دودھ ضائع کیا گیا ہے.
یہاں پڑھیں: اسلام آباد: انتظامیہ کی بڑی کاروائی’’اٹھارہ ہزار لیٹر زہریلا دودھ‘‘ پکڑا گیا
انہوں نے مزید کہا کہ دودھ کے 202 نمونوں کے ٹیسٹ کیے گئے ، بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ کیمیکل ملا دودھ کئی بیماریوں کا باعث بنتا ہے
انہوں نے یقین دھانی کرواتے ہوئے کہا کہ دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔
یاد رہے کہ ملاوٹ والے دودھ کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی جارہی ہیں اورکئی معروف برانڈز کو بھی اس سلسلے میں عدالتوں کاسامنا کرنا پڑا ہے۔