پشاور: آٹھ تعلیمی بورڈز کے سامنے آنے والے نتائج میں خیبرپختونخوا کے سرکاری اسکولوں کا کوئی طالبعلم ٹاپ پوزیشن حاصل نہ کرسکا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں سرکاری اسکولوں کی میٹرک امتحانات میں کارکردگی ناقص رہی، ایبٹ آباد بورڈ میں پرائیویٹ اسکول کی طالبہ امامہ نور نے ٹاپ پوزیشن حاصل کی، ایبٹ آباد بورڈ میں دوسری اور تیسری پوزیشن بھی نجی اداروں کے طلبہ نے حاصل کی۔
بنوں بورڈ میں نجی اسکول کےطالبعلم جاوید خان نے ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمایا، ڈی آئی خان بورڈ میں بھی نجی تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والی سائرہ اور دعا زینب نے پوزیشن حاصل کی۔
کوہاٹ بورڈ میں کیڈیٹ کالج کے طالبعلم سید عدنان رضا نے پوزیشن ہولڈر کی حیثیت سے نام درج کرایا، ملاکنڈ بورڈ میں نجی تعلیمی ادارے کے طالبعلم محمد فاروق نے ٹاپ پوزیشن اپنے نام کی۔
مردان بورڈ میں گرلز کیڈٹ کالج اور نجی کالج کی طالبات نے پوزیشن حاصل کی، اس کے علاوہ تعلیمی بورڈ پشاور میں نجی تعلیمی ادارے کی طالبہ نے پوزیشن کو اپنے قبضے میں کیا جب کہ تعلیمی بورڈ سوات میں بھی نجی اسکول کے طالبعلم جواد اسلم پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


