کراچی: پورٹ قاسم کے قریب کمپنی میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے 2 افراد جاں بحق اور 4 افراد کی حالت غیر ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پورٹ قاسم کے قریب ایک نجی کمپنی میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے دو افراد جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، چار افراد زخمی ہیں جب کہ 2 زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
چھیپا ذرائع کے مطابق جاں بحق اور دو متاثرین کی شناخت ہو گئی ہے، جاں بحق ہونے والوں میں ناظم ولد پٹھان خان عمر 40 سال، اور کامران ولد نامعلوم عمر 45 سال شامل ہیں، جب کہ متاثرہ افراد میں 30 سالہ تنویر ولد ممتاز اور 40 سالہ خالد ولد نامعلوم شامل ہیں، تاہم دو افراد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے جن کی عمریں 38 اور 35 سال ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق پورٹ قاسم کے قریب کمپنی میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے حالت غیر ہونے والے افراد کو پہلے جناح اسپتال لے جایا گیا، پھر وہاں سے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے انھیں سول برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔



