کراچی (21 مئی 2026): پورٹ قاسم پر ایف آئی اے امیگریشن نے کارروائی کرتے ہوئے بھارتی عملے کے 2 ارکان کے مشکوک سی مین بکس پکڑ لیے۔
ایف آئی اے امیگریشن پورٹ قاسم نے جہاز JBU Schelde کی کلیئرنس کے دوران بھارتی عملے کے دو ارکان کے مشکوک سی مین بکس کی نشان دہی کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ جہاز انڈونیشیا سے پورٹ قاسم پہنچا تھا۔
دورانِ کلیئرنس ممبئی سے تعلق رکھنے والے بھارتی ٹیکنیشنز وجے کڑچی اور روشن گوپال گوڈیکر کے پاس بھارتی نیشنل سی ڈی سی/سی مین بکس موجود نہیں تھیں، جب کہ وہ پلاؤ سے جاری کردہ سی مین بکس استعمال کر رہے تھے، دونوں کے پاس ٹیکنیشن کا ڈپلومہ بھی موجود نہیں تھا۔

ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ دونوں افراد مطلوبہ میری ٹائم اسناد سی او سی اور سی او پی بھی پیش نہ کر سکے۔ ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں دونوں افراد پر فی کس 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ایف آئی اے امیگریشن کا کہنا ہے کہ غیر قانونی سفری دستاویزات کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں


