کراچی : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پورٹ قاسم پاور پلانٹ کراچی میں سستی بجلی پیدا کررہا ہے، یہ دو بلین ڈالرکا پروجیکٹ تھا جو وقت سے پہلے مکمل ہوا، یہ پروجیکٹ نواز شریف اور چینی صدر کا وژن ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پورٹ قاسم کراچی میں توانائی منصوبے کی افتتاحی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں قطری شہزادے حمد بن جاسم نے خصوصی شرکت کی۔
وزیر اعظم کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ پورٹ قاسم منصوبہ پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے،660میگا واٹ کے بجلی یونٹ کا افتتاح خوش آئند ہے، یہ پاورپلانٹ کراچی میں سستی بجلی پیداکررہا ہے۔
دو بلین ڈالر کی لاگت سے تیار ہونے والا یہ پروجیکٹ وقت سے پہلے مکمل ہوا، پاورپلانٹ کا دوسرا یونٹ بھی وقت سے پہلے اپریل2018میں مکمل ہوجائیگا۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ مختلف حکومتیں جو پروجیکٹ شروع کرتی ہیں وہ اکثر مکمل نہیں ہوپا تے، یہ پروجیکٹ نواز شریف اور چینی صدر کا وژن ہے۔
، اس کے معاہدے کے وقت میں بھی موجود تھا، مجھے خدشات تھے کہ شاید یہ منصوبہ مکمل نہیں ہوپائے گا، یہ واحد حکومت ہے کہ جس نے پروجیکٹس کی بنیاد رکھی اوران کے افتتاح بھی کئے۔
وزیراعظم شاہدخاقان نے کہا کہ حکومت میں آئے تو ہر روز16گھنٹے اندھیرا ہوتا تھا، نندی پور پروجیکٹ میں4حکومتیں تبدیل ہوئیں،اسے دس سال لگے، یہ پروجیکٹ2015میں شروع ہوا تھا آج اس کا افتتاح کیا، پروجیکٹ سے بجلی کی پیداواری قیمت میں بھی کمی آئےگی۔
انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ سے پہلے پاکستان کے پاس کول پاور پلانٹ نہیں تھا، پہلی مرتبہ ہائی وولٹیج ڈی سی ٹرانسمیشن لائن بھی بچھائی جارہی ہے، پاکستان آج اضافی بجلی پیدا کرنے کے قابل ہوچکا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ آئندہ سال اگست میں عام انتخابات ہونگے، جو بھی حکومت آئے اس کا مقصد ایک بہتر پاکستان ہونا چاہیے، ہمارا مستقبل جمہوریت ہے، ہمارےپاس دوسرا کوئی راستہ نہیں، میڈیا آزاد ہے، پاکستان کے اداروں نے دہشت گردی کو شکست دی۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔