تازہ ترین

پرتگال کے صدرمارسیلو بھی کرونا وائرس کا شکار

لزبن : پرتگال کےصدرمارسیلو بھی کرونا وائرس کا شکار بن گئے، صدارتی محل میں ان کا علاج جاری ہے ، پرتگال میں اب تک کروناوائرس کے 31 کیسزرپورٹ ہوچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پرتگال کے صدر مارسیلو بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، جس کے بعد صدرمارسیلوکی تمام سرگرمیاں معطل کر کے صدارتی محل میں علاج جاری ہے۔

پرتگال میں گزشتہ روزمزید تیرہ افرادمیں کروناوائرس کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد اکتیس ہو چکی ہے جبکہ وائرس کے پیش نظر پرتگال ایئرویز نے یکم مئی تک تقریباً ایک ہزار پروازیں منسوخ کر دیں۔

اس سے قبل برطانیہ کی وزیر صحت بنادین ڈورس بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئیں، برطانیہ کی وزیر صحت نے وائرس کی تشخیص کے بعد خود کو الگ تھلگ کر لیا، گزشتہ ہفتے انہوں نے سیکڑوں ملاقاتیں کی تھیں۔

اٹلی میں8500 افراد کے وائرس کا شکار ہونے پر ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ اسپین میں بارہ سو افراد کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد دارالحکومت میڈرڈمیں تعلیمی ادارے 30 مارچ تک بند کر دیئے گئے ہیں۔

خیال رہے دنیا بھر میں خوف و ہراس پھیلانے والے مہلک ترین وائرس کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 لاکھ 14 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ وائرس سے اموات کی تعداد 4 ہزار 299 ہو گئی ہے۔

ایران میں بھی 291 افراد کرونا کے باعث جان سے جا چکے ہیں اور مجموعی متاثرین کی تعداد 8،042 ہو گئی ہے، اسی طرح جنوبی کوریا میں کرونا سے مزید 8 افراد ہلاک ہوگئے ،جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 61 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 242 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد 7775 ہوچکے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں بھی وائرس میں مبتلا 31 افراد ہلاک ہوگئے اور متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 1010 ہوگئی ہے۔

Comments

- Advertisement -