منگل, جون 16, 2026
اشتہار

پاکستان اور پرتگال کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع کرنے پر اہم پیش رفت

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پاکستان اور پرتگال کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع کرنے پر اہم پیش رفت ہوئی ، جس سے پرتگال میں مقیم پچاس ہزار پاکستانی براہِ راست پروازوں سے مستفید ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور پرتگال کے درمیان فضائی رابطوں کی بحالی اور معاشی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم ترین پیش رفت سامنے آئی ہے۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن شہریار میمن سے پرتگال کے سفیر نے خصوصی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست فلائٹس شروع کرنے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے دوران پرتگال کے سفیر فضائی رابطوں سے متعلق آغاز پر جلد پیش رفت کے لیے انتہائی پرامید نظر آئے۔

انہوں نے بتایا کہ پرتگال میں مقیم 50 ہزار سے زائد پاکستانی براہِ راست پروازوں کی اس سہولت سے مستفید ہوں گے، جبکہ شہریار میمن کا کہنا تھا کہ براہِ راست فلائٹس سے یورپ جانے والے تمام پاکستانی مسافروں کو سفری سہولت ملے گی۔

پرتگالی سفیر نے واضح کیا کہ براہِ راست پروازیں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سیاحت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔

ملاقات میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم حقیقی صلاحیت کے مطابق نہیں ہے، جسے بڑھانے کے لیے نجی شعبے کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔

ملاقات میں آئی ٹی، قابلِ تجدید توانائی ، ٹیکسٹائل اور زراعت میں تعاون بڑھانے پر خصوصی زور دیا گیا اور کہا گیا کہ ان اقدامات سے پاکستانی تاجروں کی یورپی منڈیوں تک رسائی مزید آسان ہو جائے گی۔

پرتگالی سفیر نے پرتگال کی معیشت میں پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ پرتگال پاکستان کے سیاحتی شعبے میں بھی تعاون کے لیے تیار ہے۔

اس کے علاوہ، انہوں نے پرتگال کے وزیر خارجہ کے موسمِ گرما کے بعد پاکستان کا باضابطہ دورہ کرنے کا عندیہ بھی دیا۔

+ posts

اہم ترین

مزید خبریں