منگل, اپریل 21, 2026
اشتہار

مہنگائی سے ستائے عوام کے لئے بڑی خبر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزارت خزانہ نے مہنگائی میں اضافے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ خوراک کی قیمتوں اور زرعی پیداوار کے دباؤ کے باعث اضافہ ہوسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے اپنی ماہانہ معاشی رپورٹ جاری کردی ، جس میں کہا ہے کہ آئندہ ماہ تک ملک میں مہنگائی کی شرح 5 سے 6 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا خوراک کی قیمتوں اور زرعی پیداوار کے دباؤ کے باعث مہنگائی میں معمولی اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مجموعی معاشی صورتحال محتاط طور پر مثبت دکھائی دے رہی ہے جبکہ صنعتی سرگرمیوں میں بتدریج بہتری جاری ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معاشی اصلاحات کے نفاذ کے باعث اقتصادی سرگرمیوں میں استحکام آرہا ہے۔

زرعی شعبے سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فصلوں کا مجموعی منظرنامہ ملا جلا رجحان ظاہر کر رہا ہے، تاہم مناسب زرعی ان پٹس کی دستیابی سے صورتحال بہتر ہونے کی توقع ہے، حکومت کے معاون اقدامات کے باعث ربیع سیزن کے دوران سپلائی لائنز کے مزید مستحکم ہونے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق معیشت بتدریج استحکام کی راہ پر گامزن ہے اور ساختی اصلاحات کے عملی نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

وزارت خزانہ نے بتایا کہ مالی نظم و ضبط میں بہتری اور محصولات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ حکومتی اخراجات میں بھی محتاط حکمت عملی برقرار رکھی جائے گی۔

ترسیلات زر میں اضافہ، بڑے پیداواری شعبوں میں بہتری اور آئی ٹی برآمدات کی بڑھتی ہوئی کارکردگی بھی معیشت کے لیے مثبت اشارے قرار دی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق جولائی تا ستمبر کے دوران پبلک ڈیٹ میں 1371 ارب روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جو پانچ سال بعد پہلی بار کسی ایک سہ ماہی میں قرض میں اتنی بڑی کمی ہے۔ مہنگے قرضوں کی قبل از وقت ادائیگی سے مستقبل میں مالی خطرات کم ہونے کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اقتصادی استحکام کے لیے حکومت کی حکمت عملی مؤثر ثابت ہو رہی ہے اور آنے والے مہینوں میں معاشی اشاریوں میں مزید بہتری کا امکان ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں