آلو کو سبزیوں کا راجا کہا جاتا ہے کیونکہ اسے ہر سبزی میں مکس کرکے پکایا جاسکتا ہے لیکن کیا آپ اس کے چھلکے میں چھپے صحت کی راز جانتے ہیں؟
عام طور پر ہم لوگ آلو پکاتے وقت اس کا چھلکا پھینک دیتے ہیں، لیکن آپ آلو کے چھلکے میں موجود غذائی اجزا کے بارے میں جان لیں تو دوبارہ ایسی غلطی کبھی نہیں کرینگے۔
طبی ماہرین کے مطابق آلوؤں کے چھلکے کو غذائیت کا خزانہ سمجھاجاتا ہے، اس میں پوٹاشیم اور آئرن وافر مقدار میں پایاجاتا ہے، اس کے علاوہ اس کے چھلکے میں وٹامن بی تھری کی بھی کوئی کمی نہیں ہے۔
آلو کا چھلکا دل کے لئے اچھا
آپ جان کر حیران ہونگے کہ آلو کا چھلکا دل کو صحت مند رکھتا ہے، کیونکہ اس میں موجود پوٹاشیم، میگنیشیم اور کیلشیم بلڈ شوگر کو کنٹرول کرتا ہے۔
کینسر سے بچاؤ میں معاون
تحقیق کے مطابق آلو کے چھلکے فائبو کمیکلز سے بھرپور ہوتے ہیں جو کہ طاقتور اینٹی آکسیڈینٹس ہیں، اس کے ساتھ ان چھلکوں میں کلوروجینک ایسڈ پایا جاتا ہے جو کہ کینسر کے خطرے کو کافی حد تک کم کردیتا ہے۔
ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں مددگار
آلو کے چھلکوں میں پوٹاشیم کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے اسی لئے یہ قدرتی طور پر ہڈیوں کو مضبوط کرنے کا فعل سرانجام دیتے ہیں۔
قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے
آلو کے چھلکوں میں وٹامن سی اور وٹامن بی کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے اس کے علاوہ اس میں کیلشیم کا ایک خزانہ بھی موجود ہوتا ہے جس کے سبب یہ جسم کی قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے اور انسان کو چھوٹی موٹی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔