اسلام آباد : پاکستان کی ایک تہائی سے زیادہ آبادی غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی گزاررہی ہے جبکہ صوبوں میں سب سے زیادہ غربت بلوچستان میں ہے۔
پاکستان میں غربت کی شرح میں دن بدن اضافہ دیکھنے میں آربا ہے، حکومت نے غربت سے متعلق تازہ ترین رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق پاکستان کی اڑتیس اعشاریہ آٹھ فیصد آبادی غربت کا شکار ہے۔
صوبائی لحاظ سے غربت کی یہ شرح صوبہ بلوچستان میں سب سے زیادہ پچپن اعشاریہ تین فیصد، صوبہ سندھ میں تریپن اعشاریہ پانچ فیصد ، صوبہ خیبرپختونخواہ میں پچاس فیصد اور پنجاب میں سب سے کم صرف اڑتالیس اعشاریہ چار فیصد ہے۔
ایک اندازے کے مطابق تقریبا آٹھ کروڑ افراد خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق قلعہ عبداللہ، ہرنائی، بارکھان ،کوہستان اور زیارت غریب ترین اضلاع ہیں جبکہ اسلام آباد،لاہور، کراچی، راولپنڈی، جہلم اور اٹک امیر ترین اضلاع ہیں۔
موجودہ دور میں پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ غربت ہے، جس کی وجہ مہنگائی میں روز بروز اضافہ، دولت کی غیر مساویانہ تقسیم، وسائل میں کمی، بےروزگاری اور بڑھتی ہوئی آبادی ہے۔