لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں خورشید شاہ اور شیری رحمان نے کہا ہے کہ کاغذات نامزدگی ایکٹ آف پارلیمنٹ ہے، اس میں درستی کا اختیار بھی صرف پارلیمنٹ ہی کو حاصل ہے۔
ان خیالات کا اظہار وہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کر رہے تھے، سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ کاغذات نامزدگی فارم میں ترمیم کی ضرورت ہے تو اسے دوبارہ پارلیمنٹ بھیجا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان پر اعتماد ہے لیکن مختلف قراردادوں اور فیصلوں کے باعث شکوک وشبہات بڑھ رہے ہیں، پیپلز پارٹی ایک دن کے لیے بھی الیکشن کا التوا نہیں چاہتی۔
پیپلز پارٹی کی سینئر خاتون رہنما شیری رحمان نے میڈیا گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں پورے ملک میں بے یقینی کی فضا پھیلی ہوئی ہے، اس وقت لگتا ہے الیکشن تاخیر کا شکار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے کہا کہ 25 جولائی کو ہی انتخابات ہوں گے، نگراں وزیراعظم نے بھی واضح کیا ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں گے، چاہتے ہیں ہر چیز وقت اورآئینی طور پر ہو۔
نامزدگی فارم میں تبدیلی کا معاملہ، سابق اسپیکر نے انتخابات میں تاخیر کا خدشہ ظاہر کردیا
ان کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی کی منسوخی کوئی بچوں کا کھیل نہیں، فارم میں کوئی تشویش ناک ترمیم نہیں کی گئی، اس سلسلے میں سینیٹ کا اجلاس بھی بلایا جا رہا ہے۔
شیری رحمان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اداروں میں کوئی تصادم نہ ہو، ہم وہی کام کریں گے جوعوام کی بہتری کے لیے ہو۔
خیال رہے کہ ملک اس وقت انتخابات کے ملتوی ہونے کے خدشات کی لپیٹ میں ہے، جس کی وجہ عدالت کی طرف سے کاغذات نامزدگی کے فارم میں تبدیلی لانے کے احکامات ہیں، اس سے قبل بھی عدالت متعدد انتخابی حلقے کالعدم قرار دے چکی ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔