تازہ ترین

پی پی 7 ضمنی الیکشن، دوبارہ گنتی ہوگی یا نہیں؟ فیصلہ کچھ دیر میں سنایا جائیگا

راولپنڈی سے حلقہ پی پی 7 کہوٹہ کلرسیداں سے پی ٹی آئی کی دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا جو کچھ دیر میں سنایا جائیگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق 17 جولائی کو پنجاب کے ضمنی الیکشن میں راولپنڈی سے حلقہ پی پی 7 کے نتائج کو گزشتہ روز پی ٹی آئی امیدوار شبیر اعوان کی جانب سے چیلنج کرتے ہوئے دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی جس پر آر او نے منگل کے روز طلب کیا تھا تاہم آج ریٹرننگ افسر نے حلقے کے تمام 266 پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ گنتی سے انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ پورے حلقے میں دوبارہ گنتی ممکن نہیں 15 سے 20 پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ گنتی کرائی جاسکتی ہے جس کے بعد آر او نے کچھ دیر کا وقفہ دیتے ہوئے تمام امیدواروں کی قانونی ٹیموں کو مشاورت کا وقت دیا۔ جب کہ آر او نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کچھ دیر میں سنایا جائے گا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے دوبارہ گنتی کی درخواست پر مذکورہ حلقے سے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق کامیاب لیگی امیدوار راجا صغیر احمد نے مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر اعتراض اٹھا دیا ہے اور کہا ہے کہ دوبارہ گنتی کی درخواست منظور نہ کی جائے اور نہ ہی مسترد شدہ ووٹوں کو دوبارہ گنا جائے۔

ن لیگی امیدوار راجا صغیر کا کہنا ہے کہ انہیں 20 پولنگ اسٹیشن پر بھی دوبارہ گنتی پر اعتراض ہے۔

بعد ازاں پی ٹی آئی کے وکیل شوکت رؤف صدیقی نے مذکورہ معاملے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے درخواست دی ہے کہ 1516 مسترد ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور چھان بین سمیت ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جائے اور اس درخواست پر آر نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

شوکت رؤف صدیقی کا کہنا تھا کہ آر آو ہماری درخواست پر شام ساڑھے 6 بجے فیصلہ سنائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف نے پی پی 7 راولپنڈی میں ضمنی الیکشن کا نتیجہ چیلنج کردیا

دوسری جانب درخواست گزار پی ٹی آئی امیدوار شبیر اعوان نے الزام عائد کیا کہ 17 جولائی کو الیکشن کمیشن کے عملے نے جان بوجھ کر مہریں لگائیں اور ہمارے ووٹ مسترد کیے۔

Comments

- Advertisement -