اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کی کل جماعتی کانفرنس آج ہورہی ہے، کانفرنس میں شرکت کیلئے ن لیگ کے سوا تمام جماعتوں کو دعوت دی گئی، تاہم ایم کیو ایم نے اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے زیرِاہتمام آل پارٹیز کانفرنس آج ہوگی، سابق صدر آصف زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو مشترکہ طور پر آل پارٹیز کانفرنس کی صدارت کرینگے۔
پاکستان پیپلزپارٹی نے آج ہونے والی کثیر الجماعتی کانفرنس کا ایجنڈا جاری کر دیا ہے، کثیر الجہتی کانفرنس میں مسلم لیگ(ن) کو مدعو نہیں کیا گیا، ، پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نئیر بخاری کا کہنا ہے کہ حکومت کبھی بھی فوجی عدالتوں، فاٹا ریفارمز اور دیگر معاملات میں سنجیدہ نہیں رہی، اگر حکومت سنجیدہ ہوتی تو اے پی سی بلاتے ہی نا۔
کانفرنس کے چار نکاتی ایجنڈے میں نیشنل ایکشن پلان، فوجی عدالتوں کی بحالی، فاٹا اصلاحات اور چیئرمین کی اجازت سے کوئی اور موضوع پیش کرنا شامل ہے۔
پیپلز پارٹی کی قیادت فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کے مسئلے کو عددی اکثریت کی بجائے اتفاق رائے سے حل کیا جائےتاہم ایم کیو ایم پاکستان نے اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے پیپلزپارٹی کو آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ تحریک انصاف نے بھی کانفرنس کا بائیکاٹ کیا ہے۔
یاد رہے کہ پیپلز پارٹی نے 4 مارچ کو نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ اور فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی ہے۔
مزید پڑھیں : فوجی عدالتوں کی توسیع‘پیپلزپارٹی کےعلاوہ تمام جماعتیں متفق
خیال رہے کہ فوجی عدالتوں میں توسیع سے متعلق سیاسی جماعتوں کے اجلاس میں پیپلزپارٹی کے علاوہ تمام جماعتیں متفق ہوگئیں ہیں۔
وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ امید ہے پیپلزپارٹی 4مارچ تک اتفاق رائے کرلے گی اورفوجی عدالتوں میں توسیع کی حمایت کرے گی، فوجی عدالتوں کےمعاملے پرکوئی سیاست نہیں ہوگی۔