اسلام آباد : پیپلز پارٹی نے اے پی سی میں شرکت کے لیے سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا آغاز کردیا، شیخ رشید اور قاف لیگ کے رہنماؤں نے پیپلز پارٹی کی دعوت قبول کرلی، ن لیگ کو بلانے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق فوجی عدالتیں، سی پیک اور پاناما لیکس کا تین نکاتی ایجنڈا بنا کر پیپلز پارٹی ملک کی سیاسی جماعتوں کو ایک جگہ اکٹھا کرے گی۔فوجی عدالتوں کی توسیع کا مسودہ مسترد کرنے والی پیپلز پارٹی نے چار مارچ کو آل پارٹیز کانفرنس بلائی ہے، جس کے لیے دعوتیں دینا شروع کردیں گئی ہیں۔
اس حوالے سے پی پی کا ایک وفد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو دعوت دینے لال حویلی پہنچا، شیخ رشید نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔
علاوہ ازیں مسلم لیگ قاف نے بھی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے، طارق بشیر چیمہ اے پی سی میں قاف لیگ کی نمائندگی کریں گے ۔
مزید پڑھیں : فوجی عدالتوں کا قیام، ساتواں اجلاس بھی بے نتیجہ ختم
آل پارٹیز کانفرنس چار مارچ کو زرداری ہاؤس کراچی میں ہوگی، کانفرنس میں فوجی عدالتوں کا معاملہ ہاٹ ایشو رہے گا جس پر اب تک پارلیمانی پارٹیاں متفق نہیں ہوپائیں ہیں۔ کانفرنس میں حکمراں جماعت نون لیگ کو مدعو کرنے کا فیصلہ تاحال نہیں ہوسکا ہے۔