اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری آج اسلام آباد میں اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری آج شام اہم پریس کانفرنس کر رہے ہیں، جس میں وہ ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کریں گے۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق آصف زرداری اس اہم پریس کانفرنس میں پارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے جبکہ فوجی عدالتوں کی مخالفت، ملی پارٹیز کانفرنس، پانامہ لیکس کے حوالے سے پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کا مؤقف بیان کریں گے۔
یاد رہے دو روز قبل پیپلز پارٹی کی جانب سے فوجی عدالتوں میں توسیع کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس کا اہتمام کیا گیا تھا ، جس میں کہا گیا تھا کہ
فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع پر تحفظات ہیں، اگر ضرورت پڑی تو اس بارے میں ہم وکلا سے مشورہ کر کے ایک ڈرافٹ تیار کریں گے۔
خیال رہے گذشتہ سال ایک تقریب کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری نے دھمکی آمیز الفاظ استعمال کئے تھے اور پھر بیرونِ ملک چلے گئے تھے۔