اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت سینٹرل ایگزیکٹیو کمیونٹی (سی ای سی) اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں چند رہنماؤں نے احتساب اداروں کی چھان بین پر قیادت سے خدشات کا اظہار کیا۔ اس پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’مایوسی نہ پھیلائیں، الیکشن کروانا اور حکومت بنانا میرا کام ہے۔‘
ذرائع کے مطابق سی ای سی اجلاس میں سینئر رہنما مولا بخش چانڈیو نے اعتزاز احسن پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اعتزاز احسن پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہیں، وہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سپورٹ کرتے ہیں۔
اس پر اعتزاز احسن نے کہا کہ ’ہمیشہ پارٹی کے ساتھ رہا لیکن بعض معاملات میں اختلاف ہو سکتا ہے۔‘ چیئرمین پیپلز پارٹی نے ’مجھے کوئی اعتراض نہیں‘ کہہ کر معاملہ ختم کروا دیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے کوئی شکایت نہیں تو کسی دوسرے کو بھی نہیں ہونی چاہیے۔