کراچی : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کابل ایئرپورٹ پر دھماکوں پرتشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کابل میں خواتین اور بچوں کو بھی نشانہ بناکردہشتگردوں نےہرحدپار کردی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کابل میں قیام امن کی افسوسناک صورتحال پرتشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیرملکیوں،افغانیوں پردھماکےانسانیت پرحملہ ہے، کابل میں خواتین،بچوں کو بھی نشانہ بناکردہشتگردوں نےہرحدپار کردی۔
بلاول بھٹو نے کابل ایئرپورٹ دھماکوں میں جاں بحق افراد کےلواحقین سےاظہارافسوس کرتے ہوئے کہا غیرمستحکم افغانستان کسی کے مفاد میں نہیں، اقوام عالم کوپرامن حل ہرصورت میں ممکن بناناہوگا، افغانستان میں دہشت گردوں کے نئے ابھرتے گروہ دنیا کا امن سبوتاژ کرسکتے ہیں۔
خیال رہے افغان دارالحکومت میں قائم ایئرپورٹ پر ہونے والے دھماکوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 90 ہوگئی، مارے جانے والوں میں 12 امریکی فوجی بھی شامل ہیں جبکہ ایک خبر ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ دھماکوں میں 28طالبان گارڈز بھی ہلاک ہوئے۔
ایئرپورٹ پر گزشتہ روز ہوئے دھماکوں کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ مبینہ طور پر داعش کی جانب سے کیے گئے ہیں، جرمن وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اطلاعات ہیں داعش خود کش حملہ آور کابل جا رہے ہیں۔