کراچی:چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کا کہناہےکہ27دسمبر کےبعدحکومت کو پتہ لگ جائےگاکہ اپوزیشن کیاہوتی ہے۔
تفصیلات کےمطابق کراچی بلاول ہاؤس میں پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو کی زیر قیادت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سید یوسف رضاگیلانی،قمر زمان کائرہ،خورشید شاہ،فرحت اللہ بابر،شیری رحمٰن سمیت پارٹی کے دیگررہنما شریک تھے۔
اجلاس کےبعدبلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن چار میں سے ایک بھی مطالبہ ماننے کو تیار نظرنہیں آتی،جبکہ وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں کہا تھاکہ پاناماکی تحقیقات مجھ سے کی جائے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہناتھا کہ ہم اپنے چار مطالبات پر عمل درآمد چاہتے ہیں،مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو سڑکوں پر آنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہوگا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہناتھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کے ساتھ مذاق کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تین مرتبہ کے وزیراعظم نے ملک کو لوٹا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سے کئی ماہ سے مستقل وزیرخارجہ کی تعیناتی کا مطالبہ کررہے ہیں۔بلاول بھٹو کا کہناتھا کہ مسلم لیگ ن کو کافی وقت دے دیا ہے۔
پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹوزرداری کا کہناتھا کہ ذوالفقار علی بھٹو،بینظیر بھٹو،یوسف رضاگیلانی نے عدالتوں کے سامنا کیا۔
مزید پڑھیں:بلاول بھٹو کے مطالبات آئینی اورجمہوری ہیں: مراد علی شاہ
یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہناتھاکہ بلاول بھٹوزرداری کے چارمطالبات آئینی اور جمہوری ہیں اور انہیں حکومت کوتسلیم کرنا چاہیے۔
مزید پڑھیں:شریف برادران کےاحتساب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،بلاول بھٹو
واضح رہےرواں ماہ10دسمبرکوپاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹوکا کہناتھاکہ شریف برادران کے احتساب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،مطالبات منظورنہ ہوئے تو آگے تک جائیں گے۔