پی پی رہنما نوید قمر نے گزشتہ شب پارلیمنٹ ہاؤس سے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی گرفتاری کو پارلیمنٹ پر حملہ قرار دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار کرتے ہوئے گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پارلیمنٹ پر حملہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کی گرفتاریوں کی مذمت نہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔
نوید قمر نے کہا کہ یہ غیر ممعمولی معاملہ ہے جس کی سنجیدہ انکوائری کرا کے ایکشن لینا ہوگا۔ جب بانی پی ٹی آئی کے پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کو پارلیمنٹ پر حملہ قرار دیا جاتا تھا تو اب جب پارلیمنٹ کے اندر سے ممبر کو گرفتار کیا جائے تو کیا باقی بچے گا۔
پی پی رہنما نے کہا کہ کل کو یہ یہاں ہاؤس کے اندر سے بھی ممبران کو گرفتار کریں گے۔ یہاں عزت تو کیا مستقبل نظر نہیں آ رہا، پلیز سخت ایکشن لیا جائے، جب پارلیمنٹ پر حملے کی بات ہوگی تو ہم سب ایک ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر سمیت پارٹی کے کئی اہم رہنماؤں کو پارلیمنٹ ہاؤس سے حراست میں لیا گیا تھا۔
پی ٹی رہنما علی محمد خان نے گزشتہ شب کے واقعے کو پاکستان کی جمہوریت کا 9 مئی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ پر دھاوا بولنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6 لگایا جائے۔
کل رات جمہوریت کا 9 مئی تھا، پارلیمنٹ پر دھاوا بولنے والوں پر ’’آرٹیکل 6‘‘ لگایا جائے، علی محمد خان