تازہ ترین

پیپلز پارٹی نے نئے آرمی چیف کا معاملہ وزیر اعظم کے سپرد کر دیا

اسلام آباد: حکومت کی اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ وزیر اعظم شہباز شریف کے سپرد کر دیا۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کا اسلام آباد میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں طے کیا گیا کہ نئے آرمی چیف کا معاملہ وزیر اعظم خود دیکھیں گے۔

پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف آئین و قانون کے تحت تقرری کریں، وزیر اعظم جس کو بھی نیا آرمی چیف لگائیں گے وہ سپہ سالار ہوں گے۔

اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ میرا کوئی فیورٹ نہیں، مجھے تمام افسران کی قابلیت پر یقین ہے۔

آصف علی زرداری گزشتہ روز اسی مشاورتی اجلاس کے لیے کراچی سے اسلام آباد پہنچے تھے۔

یار رہے کہ موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ رواں ماہ کی 29 تاریخ کو اپنے عہدے سے ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔ حکومت نے نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے تاحال خاموشی رکھی ہے۔

دو روز قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ ابھی تک فوج نے نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے لیے نام نہیں بھیجے۔

اس دوران ایک صحافی نے وزیر دفاع سے سوال کیا تھا کہ کیا وزیر اعظم شہباز شریف اور آصف علی زرداری میں نئے آرمی چیف کے نام پر ڈیڈ لاک ہے؟

خواجہ آصف نے جواب میں بتایا تھا: ’ابھی آرمی چیف کے نام پر مشاورت ہی نہیں ہوئی تو ڈیڈ لاک کیسے ہوگا؟ 18 یا 19 نومبر کے بعد ہی آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت ہوگی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے لیے مسلم لیگ (ن) کا کوئی فیورٹ نام نہیں، جو نام فوج بھیجے گی اسی پر ہی مشاورت ہوگی۔

Comments

- Advertisement -