اتوار, مارچ 15, 2026
اشتہار

صارفین پر فکسڈ چارجز لگانا انہیں زندہ درگور کرنے کے مترادف ہوگا، پیپلز پارٹی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پیپلز پارٹی نے بجلی صارفین کی نئی پالیسی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا صارفین پرفکسڈ چارجز انہیں زندہ درگور کرنےکے مترادف ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے بجلی صارفین کی نئی پالیسی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیپرا فارمولہ صارفین پر بجلی بم گرانے کے مترادف ہے۔

حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ صارفین سے خریدی گئی بجلی انہیں 30 روپے فی یونٹ مہنگی بیچنے کا جواز سمجھ سے باہر ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ پروٹیکٹڈ صارفین پر فکسڈ چارجز لگانا انہیں "زندہ درگور کرنے کے مترادف” ہوگا۔

پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ نیپرا ریاست کے اندر ریاست کے طور پر کام کر رہا ہے اور نیٹ میٹرنگ کے بعد پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے مہنگی بجلی ناقابل برداشت ہو جائے گی۔

انھوں نے مزید کہا سولر پینل لگوانے والے صارفین کو اب من پسند معاہدوں میں جکڑا جا رہا ہے۔

حسن مرتضیٰ نے تجویز دی کہ بجلی کے ترسیلی نظام کو صوبوں کے حوالے کر دینا بہتر ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائے گی اور پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا کہ نیٹ میٹرنگ پالیسی اور نیپرا فارمولے پر فوری قانون سازی کرے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں