پیپلزپارٹی نے براڈ شیٹ معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کو مسترد کردیا

اسلام آباد : پیپلزپارٹی نے براڈ شیٹ معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کو مسترد کرتے ہوئے تحفظات کا اظہار کردیا اور کہا کمیٹی سربراہ کی تعیناتی سے حکومت کی بد دیانتی سامنے آ چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی نے براڈ شیٹ معاملےپرتحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کومستردکردیا، رہنما پی پی نیئربخاری نے کہا براڈشیٹ معاملے کی تحقیقات آنکھوں میں دھول جھونکنے کےمترادف ہے، کمیٹی سربراہ کی تعیناتی سے حکومت کی بد دیانتی سامنے آ چکی ہے۔
نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی تحقیقاتی کمیٹی پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتی ہے، براڈشیٹ اہم معاملہ ہے،شفاف طریقے سےتحقیقات چاہتے ہیں۔
یاد رہے وزیراعظم نے براڈ شیٹ کے معاملے پر 5 رکنی کمیٹی قائم کی تھی ، کمیٹی میں وفاقی وزیر فواد چوہدری، شیریں مزاری، بابر اعوان اور شہزاد اکبر شامل ہیں۔
وزیراعظم نے کہا تھا کہ براڈ شیٹ معاملہ تفصیلی طور پر عوام کے سامنے رکھا جائے، براڈ شیٹ کیس کے فیصلے میں موجود حقائق منظرعام پر لائے جائیں، براڈ شیٹ کمپنی تو 20 سال پہلے کے اثاثوں کی تحقیقات کررہی تھی، گزشتہ دس سال کا حساب تو ابھی ہونا ہے، ملکی دولت لوٹ کر باہر لے جانے والے احتساب سے نہیں بچ سکتے۔