اسلام آباد : پیپلز پارٹی نے پیٹرول کی قیمت میں 55 روپے اضافے کو مسترد کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں آواز اٹھانے کا اعلان دیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ بڑے اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ ایک ہی بار میں 55 روپے فی لیٹر پیٹرول مہنگا کرنا ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ ہے، جس نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہِ مقدس (رمضان المبارک) کے دوران اس فیصلے سے غریب اور متوسط طبقے کی عید کی خوشیاں ماند پڑ جائیں گی۔
رہنما پیپلز پارٹی نے موقف اختیار کیا کہ حکومت کو اس قدر بڑے اضافے سے قبل عوام کے لیے کسی متبادل ریلیف پروگرام کا اعلان کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی کشیدگی اور پیٹرول کی قیمتوں جیسے اہم معاملات پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا ناگزیر تھا، مگر حکومت نے اسے نظر انداز کیا۔
راجہ پرویز اشرف نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی اس اضافے کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی اور اس عوامی مسئلے کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


