اسلام آباد (25 نومبر 2025): ذرائع نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے پاکستان پیپلز پارٹی کو صوبائی اداروں میں نمائندگی دینے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان جمی برف پگھلنے لگی ہے، اور صوبائی حکومت نے پی پی کو صوبے میں اسپیس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے ان کی پارٹی سے رابطہ کیا ہے، یہ رابطہ مریم اورنگزیب کے ذریعے کیا گیا ہے، جس میں پی پی کو اداروں میں نمائندگی دینے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
کیا نئے صوبے اور کراچی کو کسی نئے ماسٹر پلان کی ضرورت ہے؟ حیدر عباس رضوی کا انٹرویو
پنجاب حکومت نے صوبائی بورڈز میں تعیناتیوں کے لیے پی پی سے نام بھی مانگ لیے ہیں، اور صوبائی کمیٹیوں میں نمائندگی کی پیشکش کی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی سے لا افسران کی تعیناتی کے لیے نام مانگے گئے ہیں۔
پنجاب حکومت نے پیپلز پارٹی کو ترقیاتی فنڈنگ جاری کرنے کی بھی یقین دہانی کرا دی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی کے ایم پی ایز کو ترقیاتی فنڈز جاری کر دیے جائیں گے۔ تاہم پیپلز پارٹی نے پنجاب حکومت سے پیشکش پر غور کے لیے مہلت مانگی ہے۔
جہانگیر خان اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے نمائندے ہیں۔ وہ پارلیمانی امور، صحت، کشمیر، جی بی اور پیپلز پارٹی سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں۔


