کراچی: پیپلزپارٹی کی سابق ایم پی اے سعدیہ جاوید کی گھریلو ملازمہ لاکھوں روپے نقدی اور طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلزپارٹی کی سابق رکن اسمبلی سعدیہ جاوید کے گھر سے گھریلو ملازمہ 85 لاکھ روپے کا سونا اور 5 لاکھ روپے نقدی چرا کر فرار ہوگئی۔
چوری کے واقعے کا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق 6 اکتوبر کو گھریلو ملازمہ کام کرکے سہ پہر سوا تین بجے واپس گئی، 7 اکتوبر کو چوری کا علم ہوا۔
سعدیہ جاوید کا کہنا ہے کہ متعلقہ ایس ایچ او تین روز کے بعد مجھے ملے، ایم پی اے ہونے کے باوجود پولیس کا رویہ ایسا رہا، مجھے ملزمان پکڑنے کے لیے وظیفہ پڑھنے کا مشورہ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وظیفے کے ذریعے چور پکڑنا ہے تو پولیس کا پھر کیا کام ہے، علاقے میں چوری ڈکیتیاں بہت زیادہ بڑھ گئی ہیں۔