لاہور (24 ستمبر 2025): پی پی رہنما چوہدری منظور نے کہا ہے کہ وزیراعظم ان علاقوں کے بجلی بل معاف کر رہے ہیں جہاں یہ بجلی تھی ہی نہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ اور وزیراعظم شہباز شریف پر گہرا طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے ان علاقوں کے ماہ اگست کے بجلی بل معاف کرنے کا اعلان کیا ہے، جہاں اس دوران بجلی تھی ہی نہیں۔
چوہدری منظور نے سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان ملکی معیشت کو ہوا ہے اور مشرقی پنجاب میں سب سے زیادہ فصلیں تباہ ہوئی ہیں۔ اگر محترمہ (وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز) کو نہیں پتہ تھا تو چند کسانوں کو ہی بلا کر پوچھ لیتیں۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ سیلاب گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور سندھ میں بھی آیا، لیکن پنجاب میں زیادہ نقصان ہوا۔ دیکھ رہے ہیں کہ ہم ڈوبے ہیں یا ڈبویا گیا ہے، ہم برباد ہوئے ہیں یا برباد کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کے کھیت اور باغات تباہ ہو گئے، پنجاب حکومت نے انکے لیے 20 ہزار روپے کا اعلان کیا. انہیں دوبارہ لگانے کے لیے کم از کم پانچ لاکھ کا تو اعلان کیا جاتا۔ گاؤں دیہات میں کم از کم پانچ سے 6 فٹ ریت آ گئی ہے، اس کو بھی ہٹایا جائے۔
چوہدری منظور نے مزید کہا کہ بھارت میں یوریا کی بوری 500 روپے جب کہ یہاں پانچ ہزار میں، وہاں ڈی اے پی کی بوری 1400 اور یہاں 14 ہزار روپے کی ہے۔ جب ہم سوال کرتے اور مطالبات کا جواب مانگتے ہیں تو سامنے سے بدتمیزی کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ دنوں سیلاب متاثرہ علاقوں کے گھریلو صارفین کے ماہ اگست کے بل معاف کرنے کا اعلان کیا تھا۔


