بلاول ہاؤس لاہور کی سیکیورٹی ہٹانے پر پیپلزپارٹی پنجاب حکومت پر سخت برہم ہوگئی، 2 دن سے بلاول ہاؤس لاہور میں پولیس اہلکار نہیں ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جنرل سیکریٹری پیپلزپارٹی لاہور جمیل منج نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے بلاول ہاؤس لاہور سے سیکیورٹی واپس لےلی ہے، 2 دن سے بلاول ہاؤس لاہور میں پولیس اہلکار موجود نہیں ہیں۔
بلاول ہاؤس لاہورکی سیکیورٹی کے معاملے میں رہنما پیپلزپارٹی حسن مرتضیٰ کا ردعمل بھی سامنے آیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت سے علی حیدر گیلانی کا ایک گارڈ برداشت نہیں ہوا۔
حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت بلاول ہاؤس کو کیا سیکیورٹی دے سکے گی، عظمیٰ بخاری پہلے ہمیں کونسی سیکیورٹی دیتی تھیں جو اب ہم ان کے بھروسے بیٹھے ہیں۔
دریں اثنا وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بلاول ہاؤس سے سیکیورٹی ہٹانےکی تردید کردی ہے، وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ بلاول ہاؤس لاہور کی سیکیورٹی واپس نہیں لی۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بھی سیکیورٹی واپس لینے کی خبر کو من گھڑت قراردیا ہے۔
تاہم پیپلزپارٹی نے پنجاب کی وزیراطلاعات اور سینئروزیر کے دعوؤں کی نفی کردی ہے، پیپلزپارٹی کی جانب سے ثبوت کے طور پر بلاول ہاؤس کی فوٹیج بھی جاری کی گئی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


