پیپلزپارٹی نے 28 ویں آئینی ترمیم کو قیاس آرائی قرار دیدیا۔
پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے پی پی سے 28ویں ترمیم پر بات نہیں کی، پیپلزپارٹی این ایف سی پر کٹ لگنے نہیں دے گی اور صوبائی خودمختاری پر سمجھوتا نہیں کرے گی۔
شازیہ مری نے کہا کہ پیپلزپارٹی پی ٹی آئی کو باربار جمہوریت کی طرف لانے کی کوشش کرتی رہی، پیپلزپارٹی نے پی ٹی آئی کو بارہا ڈائیلاگ کے عمل میں آنے کا کہا لیکن تلخ تجربہ کے باوجود ملکی بقا کیلئے بیٹھ کربات کرتے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی اسیر کی بات کرتی ہے پی ٹی آئی دور میں ہمارے اسیران سے جیل میں ملاقاتیں نہیں کرنے دی جاتی تھی، آصفہ بھٹو کی آصف زرداری سے ملاقات نہیں کرائی جاتی تھی، بانی کیسز کی وجہ سے جیل میں ہیں اور عدالتوں میں جاکر اپنا کیس مضبوط کریں۔
رکن اسمبلی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن اور بشریٰ بی بی کی الگ الگ جماعت ہے پی ٹی آئی جماعت نہیں رہی اب جتھے بن چکے ہیں، نہیں معلوم پی ٹی آئی کا کونسا گروپ 9 اپریل کو احتجاج کر رہا ہے پی ٹی آئی سے درخواست ہے ملک احتجاج کا متحمل نہیں ہو سکتا۔


