تازہ ترین

پریکٹس میچ ڈرا، قومی ٹیم ڈربی شائر روانہ

وورسٹر میں قومی ٹیم کا دو روزہ انٹر اسکواڈ میچ ڈرا ہوگیا جس کے بعد پاکستانی اسکواڈ ڈربی شائر روانہ ہو رہا ہے۔

پریکٹس میچ کے پہلے روز پی سی بی گرین نے آٹھ وکٹ پر تین سواٹھارہ رنز بنائے، بابر اعظم نے ناٹ آؤٹ بیاسی، عابد علی نے اکہتر اور محمد رضوان نے سینتالیس رنز اسکور کئے۔فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے چار اور محمد عباس نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب پی سی بی وائٹ کی ٹیم نے پانچ وکٹ پر تین سو تیرہ رنز بنائے۔ افتخار احمد چھیاسی رنزبناکرنمایاں رہے۔ سرفراز احمد نے چالیس رنز اسکور کیے۔

وورسٹر میں اپنے قرنطینہ کی 14 روزہ مدت مکمل کرنے کے بعد پاکستان کا اسکواڈ کیمپ کے دوسرے مرحلے کے لیے آج (پیرکے روز) ڈربی شائر روانہ ہو رہا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کی غرض سے انگلینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم ڈربی شائر میں تین، تین گھنٹوں پر مشتمل 2 ٹریننگ سیشنز میں شرکت کرے گی۔

یہ سیشنز برطانوی وقت کے مطابق صبح 10 اور دوپہر 2 بجے شروع ہوں گے۔ ان سیشنز کی ویڈیوز اور تصاویر پی سی بی فراہم کرے گا۔

Comments