اسکردو : کے ٹو سر کرنے والے پاکستانی کوہ پیما علی سدپارہ اور ان کی لاپتہ ٹیم کی تلاش کےلیے بیس کیمپ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کی بلند ترین چوٹی کے ٹو پر پاکستانی پرچم لہرانے والے محمد علی سدپارہ سمیت تین کوہ پیماوٗں کے لاپتہ ہونے کا معاملہ طول پکڑتا جارہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیس کیمپ پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، موسم بہتر ہوتے ہی سرچ آپریشن دوبارہ شروع ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہر کوہ پیماوٗں کی ٹیم بھی سرچ اینڈ ریسرچ آپریشن میں حصہ لینے کےلیے تیار ہیں۔
ریسکیو ٹیم نے بیس کیمپ پر واپس پہنچنے والے ساجد سدپارہ سے معلومات حاصل کیں جس کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کامیاب بنانے کےلیے ساجد سدپارہ سے مشاورت کی گئی۔
’علی سدپارہ کی گمشدگی کا معاملہ وزیراعظم اور آرمی چیف خود دیکھ رہے ہیں‘
ذرائع کا کہنا ہے کہ ساجد سدپارہ کے ٹو پر آکسیجن کٹ کی خرابی کے بعد بوٹل نیک سے واپس آگئے تھے، سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو ساجد سدپارہ نے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق 48 گھنٹے بعد بھی محمد علی سدپارہ اور ٹیم سے رابطہ نہیں ہوسکا، اسی لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں آرمی کی ٹیم بھی حصہ لے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں جدید ہیلی کاپٹرز استعمال ہوں گے کیونکہ کے ٹو پر برفیلی ہواوٗں کے باعث درجہ حرارت منفی 63 ڈگری تک گرگیا ہے۔