اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے 5 سال کا ایکشن پلان تیار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر ظفرمرزا کی زیرصدارت ڈینگی کے تدارک اور تیاریوں سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈینگی تدارک کے لیے کیے گیے اقدامات، انتظامات اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ڈینگی تدارک کے لیے بروقت اور ضروری مؤثر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں، ڈینگی کے خاتمے کیلئے عوام کو بھی اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔
ڈینگی پر قابو پانا حکومت اور شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ظفر مرزا
انہوں نے کہا کہ اپنے گھروں کو صاف رکھیں اور پانی جمع نہ ہونے دیں، انسداد ڈینگی کے لیے جڑواں شہر کی انتظامیہ مل کر مشترکہ اقدامات کو یقینی بنائے، آئی سی ٹی میں ڈینگی کے تدارک کیلئے 105ٹیمیں کام کررہی ہیں۔
ڈاکٹرظفرمرزا کا کہنا تھا کہ ڈینگی کے حوالے سے نیشنل ڈیش بورڈ تشکیل دیا جائے گا، مچھر کی افزائش کی جگہوں کا خاتمہ یقینی بنانے کے مؤثر اقدامات یقینی بنارہے ہیں، ڈینگی کے خاتمے کیلئے ایکشن پلان تیار ہے۔