اسلام آباد : وزارتِ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ مارگلہ پہاڑیوں میں پھل خور چمگادڑوں کی موجودگی کے باعث نپاہ وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کو مکمل طور پر خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ صحت کی زیرِ صدارت نِپاہ وائرس سے متعلق ایک جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ملک میں وائرس کی ممکنہ منتقلی روکنے کے لیے حکومتی اقدامات پر غور کیا گیا۔
مارگلہ پہاڑیوں میں پھل خور چمگادڑوں کی موجودگی، پاکستان میں نپاہ وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں بھارت میں مشتبہ نِپاہ وائرس کیسز سامنے آنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں تاحال انسانوں یا جانوروں میں نِپاہ وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نِپاہ وائرس کی منتقلی روکنے کے لیے داخلی مقامات پر مسافروں اور عملے کی اسکریننگ جاری ہے، اجلاس میں قومی ادارہ صحت اور بارڈر ہیلتھ سروسز کے سرویلنس اور اسکریننگ سسٹم کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ذرائع وزارتِ صحت کے مطابق اجلاس میں وفاقی اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز اور دیگر حفاظتی تیاریوں پر بھی غور کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نِپاہ وائرس پھل خور چمگادڑوں اور سور کے ذریعے پھیلتا ہے، جبکہ مارگلہ پہاڑیوں میں پھل خور چمگادڑوں کی موجودگی پائی جاتی ہے۔
این آئی ایچ حکام کے مطابق ملک میں نِپاہ وائرس کی موجودگی یا پھیلاؤ کا کوئی سائنسی ثبوت موجود نہیں اور مجموعی طور پر وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ کم ہے۔ تاہم چمگادڑوں کی موجودگی کے باعث پھیلاؤ کے خدشے کو مکمل طور پر خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔
ذرائع کے مطابق نِپاہ وائرس کی تشخیص پی سی آر کٹس کے ذریعے ممکن ہے، تاہم اس کے علاج کے لیے تاحال کوئی منظور شدہ ویکسین یا اینٹی وائرل دوا دستیاب نہیں۔
ماہرین نے زور دیا کہ نِپاہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مرض کی فوری تشخیص اور متاثرہ افراد کی بروقت آئسولیشن نہایت ضروری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی اسپتالوں میں مشتبہ نِپاہ کیسز کے لیے آئسولیشن سہولیات اور تربیت یافتہ عملہ موجود ہے۔ ماضی میں نِپاہ وائرس کیسز میں اموات کی شرح 40 سے 75 فیصد تک رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری صحت نے نِپاہ وائرس کی ممکنہ منتقلی روکنے کے لیے پیشگی اور مؤثر اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
جہانگیر خان اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے نمائندے ہیں۔ وہ پارلیمانی امور، صحت، کشمیر، جی بی اور پیپلز پارٹی سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں۔


