اسلام آباد (5 اگست 2026): صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم استحصال کشمیر پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدام کیخلاف دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور پاکستانی آج یوم استحصال کشمیر منا رہے ہیں۔
یوم استحصال کشمیر کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات غیر قانونی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
صدر زرداری نے کہا کہ بھارتی اقدامات سے جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کی جا سکتی۔ کشمیری عوام نے تمام مشکلات کے باوجود حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات نے ریاستی جبر میں اضافہ کیا اور بنیادی آزادیوں کو محدود کیا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ حق خودارادیت کیلیے کشمیریوں کی پر امن جدوجہد آئندہ نسلوں کیلیے مشعل راہ ہے۔ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلیے موثر اور ذمے دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جموں وکشمیر کے تنازع کا منصفانہ اور پر امن حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، اور کشمیریوں کی آواز کو ہر علاقائی، بین الاقوامی فورم پر بلند کرتا رہے گا۔
دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور پاکستانی آج یوم استحصال کشمیر منا رہے ہیں


