اسلام آباد : صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مادرِملت محترمہ فاطمہ جناح کو 59 ویں یوم وفات پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریکِ قیامِ پاکستان میں بانیِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی دستِ بازو اور ہمشیرہ، مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کا 59 واں یومِ وفات آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے محترمہ فاطمہ جناح کی ملی و سیاسی خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا "مادرِ ملت کی خدمات قوم کے اجتماعی شعور کا ہمیشہ روشن باب رہیں گی۔ آمریت کے خلاف مادرِ ملت کی جرات مندانہ آواز ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے اور ان کی جمہوری جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔”
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ "قائد اعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ محترمہ فاطمہ جناح کی تحریکِ پاکستان کے دوران انتھک کاوشیں، نڈر کردار اور مثالی جذبہ ہمارا قومی اثاثہ ہے۔ انہوں نے عملی طور پر یہ ثابت کیا کہ خواتین ہر قومی مقصد میں موثر اور تعمیری کردار ادا کر سکتی ہیں۔”
محترمہ فاطمہ جناح 30 جولائی 1893ء کو پیدا ہوئیں۔ وہ ایک تجربہ کار، قابلِ احترام خاتون سیاسی رہنما اور پیشے کے لحاظ سے دانتوں کی سرجن تھیں، انہوں نے تحریکِ پاکستان کے دوران قائد اعظم کے شانہ بشانہ چلتے ہوئے انتہائی فیصلہ کن کردار ادا کیا، یہی وجہ ہے کہ قوم انہیں محبت سے ‘مادرِ ملت’ (قوم کی ماں) کے لقب سے پکارتی ہے۔
محترمہ فاطمہ جناح نے قائد اعظم کی سوانح عمری پر مبنی ایک کتاب ‘میرا بھائی’ لکھنا شروع کی تھی، جسے وہ مکمل نہ کر سکیں۔ ان کی اس نامکمل کتاب کو بعد میں ‘قائد اعظم اکیڈمی’ نے 1987ء میں شائع کیا۔
مادرِ ملت کا انتقال 9 جولائی 1967ء کو کراچی میں ہوا تھا۔ انہیں بانیِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار کے احاطے میں سپردِ خاک کیا گیا۔


