تازہ ترین

جنگ کی نوبت آئی تو آخری دم تک لڑنے کے لیے تیار ہیں، صدر عارف علوی

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جنگ کی نوبت آئی تو آخری دم تک لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر اہمیت کا حامل ہوچکا ہے، روس سے بھی اس وقت پاکستان کے اچھے تعلقات ہیں، وزیراعظم نے مسلم امہ کے لیے جو کیا وہ قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت جو بھارت کا امیج ہے ماضی میں کبھی ایسا نہیں رہا ہے، بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ سلوک دنیا دیکھ رہی ہے، پاکستان بھارتی مسلمانوں کا مقدمہ بھی لڑے گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ کشمیر اور مسلم امہ کا معاملہ یو این میں اٹھانے پر پاکستانی مطمئن ہیں، وزیراعظم کے یو این خطاب پر چار پانچ گھنٹے کا تبصرہ بھی کم ہے۔

مزید پڑھیں: وفاقی اور صوبائی حکومت جب مل کر کام کریں گے تو کراچی بہتر ہوگا، صدر مملکت

عارف علوی نے کہا کہ ریاست مدینہ کے لیے جو کوشش ہے وہ عمران خان کررہے ہیں، کشمیر سے متعلق وزیراعظم عمران خان کا خطاب بڑی بات ہے، بھارتی مسلمانوں کو دیوار سے لگانے کی بھی عمران خان نے نشاندہی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کشمیر پر متعدد بار ثالثی کی پیش کی ہے اور امید ظاہر کی کہ عمران خان  ثالثی کا کردار ادا کریں گے۔

سری لنکن ٹیم کی پاکستان میں میچ کھیلنے پر صدر عارف علوی نے کہا کہ بہت خوش ہوں کہ سری لنکن ٹیم کراچی آئی ہے، آہستہ آہستہ دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آنا شروع ہوں گی۔

Comments

- Advertisement -