اسلام آباد(22 جنوری 2026): صدرمملکت آصف علی زرداری نے ہائی کورٹس کے ججز کی مدت ملازمت میں توسیع و مستقلی کی منظوری دیدی۔
وزیراعظم کی ایڈوائس اور جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی سفارشات کی روشنی میں صدر آصف علی زرداری نے سندھ، لاہور اور پشاور کی ہائی کورٹس کے ایڈیشنل ججز کی توثیق اور مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری دے دی۔
سندھ ہائی کورٹ کے لیے صدر مملکت نے دس ایڈیشنل ججوں کی توثیق کی منظوری دی ہے، ان میں جسٹس میاں محمد شاہ، جسٹس مس تسنیم سلطانہ، مسٹر جسٹس ریاضت علی سحر، مسٹر جسٹس محمد حسن، جسٹس عبدالحمید بھرگی، جسٹس جان علی جونیجو، جسٹس نثار احمد بھنبھرو، جسٹس علی حیدر، جسٹس محمد عثمان علی ہادی، جسٹس محمد جعفر رضا شامل ہیں۔
صدر مملکت نے سندھ ہائی کورٹ کے ایڈیشنل ججز کی مدت ملازمت میں چھ ماہ کی توسیع کی بھی منظوری دی ہے۔ ان میں جسٹس خالد حسین شاہان اور جسٹس سید فیض الحسن شاہ شامل ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ کے لیے صدر مملکت نے گیارہ ایڈیشنل ججز کی تقرری کی منظوری دی ہے۔ان میں جسٹس حسن نواز مخدوم، جسٹس ملک وقار حیدر اعوان، جسٹس سردار اکبر علی، جسٹس سید احسن رضا کاظمی، جسٹس ملک جاوید اقبال وینس جسٹس محمد جواد ظفر،جسٹس خالد اسحاق،جسٹس ملک محمد اویس خالد،جسٹس چوہدری سلطان محمود، جسٹس تنویر احمد شیخ، جسٹس ابھر گل خان شامل ہیں۔
صدر مملکت نے لاہور ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج جسٹس طارق محمود باجوہ کی مدت ملازمت میں مزید چھ ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی۔
پشاور ہائی کورٹ کے لیے صدر مملکت نے چھ ایڈیشنل ججوں کی تقرری کی منظوری دی ہے۔ ان میں جسٹس محمد طارق آفریدی، جسٹس عبدالفیاض، جسٹس صلاح الدین، جسٹس صادق علی جسٹس سید مدثر امیر، جسٹس قاضی جواد احسان اللہ ہیں۔
پشاور ہائی کورٹ کے لیے صدر مملکت نے ایڈیشنل ججوں کی مدت ملازمت میں چھ ماہ کی توسیع کی بھی منظوری دی ہے۔ ان میں جسٹس فرح جمشید، جسٹس انعام اللہ خان، جسٹس سبط اللہ خان اور جسٹس اورنگزیب شامل ہیں۔یہ منظوری وزیراعظم کی ایڈوائس پر دی گئی ہے۔
جہانگیر خان اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے نمائندے ہیں۔ وہ پارلیمانی امور، صحت، کشمیر، جی بی اور پیپلز پارٹی سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں۔


