پیر, مارچ 16, 2026
اشتہار

ہمارا مسلم لیگ ن کے ساتھ چلنے کا ارادہ ہے، صدر مملکت

اشتہار

حیرت انگیز

وہاڑی (17 فروری 2026): صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہمارا مسلم لیگ ن کے ساتھ چلنے کا ارادہ ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے وہاڑی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے مریم نواز، شہباز شریف کو ووٹ دیا اور اپنے لیے بھی ووٹ لیا ہمارا مسلم لیگ ن کے ساتھ چلنے کا ارادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست لچک کا نام ہے اور مل جل کر ساتھ چلنا ہوتا ہے۔ حکمرانی کیلیے لچک اور سیاسی بلوغت ضروری ہے۔ ہم نے اتحاد بنایا ہے اور اسی کے ساتھ آگے چل رہے ہیں۔ تاہم پنجاب میں ہماری نہیں بلکہ ن لیگ کی حکومت ہے۔ ہماری حکومت فی الحال سندھ اور بلوچستان تک محدود ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ملک کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک تھنک ٹینک نے کہا تھا کہ پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ یہ مجھے معلوم ہے کہ پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے کا کیا مطلب ہوتا ہے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ جیل غیرت کے ساتھ کاٹی جاتی ہے، مجھے جیل سے نکلتے ہی ہارٹ اٹیک ہوا تھا۔ جیل برداشت کرنا ہوتی ہے، ورنہ مدر ٹریسا بن جائیں۔ مجھ سے جب میرے بچے ملے تو بڑے ہو چکے تھے، بلاول تو میرے سے قد میں بڑا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں چار سال تک عمران خان کی نہیں بلکہ جنرل فیض حمید کی حکومت تھی۔ اور اس کو بھی کیا پتہ تھا کہ ریلیف کیا ہوتا ہے۔ اس حکومت کے چار برسوں میں ملک جمود کا شکار رہا۔

صدر مملکت نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں طویل عرصے سے پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور اب بھی وہی روش ہے۔ وہاں کوئی کام نہیں ہو رہا بس احتجاج کا راستہ اپنایا ہوا ہے۔ کے پی میں مار کٹائی چل رہی ہے اور سڑکیں بند ہیں۔

صدر زرداری نے یہ بھی کہا کہ سیاسی تعاون انتہا پسندانہ رجحانات کو روکنے میں مدد دیتا ہے۔ مجھے ہر جگہ کا احساس ہے اور معلوم ہے کہ بلوچستان کے عوام کیا چاہتے ہیں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں