اسلام آباد : حکومت نے گورنر ہاؤسز کے بعد ایوان صدر کو بھی عام شہریوں کے لئے کھول دیا، شہری اپنی شناخت دکھا کر ایوان صدر میں داخل ہوسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی حکومت نے اپنے منشور کے مطابق ایوانِ صدر کے دروازے عام شہریوں کے لیے کھول دیئے، اس سلسلے میں انتظامیہ کی جانب سے ہدایات دی گئیں ہیں کہ شہری اپنا شناختی کارڈ لازمی ساتھ لائیں بصورت دیگر شہریوں کو ایوان صدر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایوان صدر صبح نو سے شام چار بجے تک عوام کے لیے کھلا رہے گا، ایوان صدر میں شہریوں کا داخلہ اسمبلی گیٹ کی جانب سے ہو گا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے آتے ہی یہ دعویٰ کیا تھا کہ وہ اہم سرکاری عمارتوں تک عوام کی رسائی کو آسان بنائے گی۔
مزید پڑھیں: لاہور کے شہریوں نے گورنر ہاؤس کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا
اس سلسلے میں سب سے پہلے گورنر ہاؤس پنجاب، گورنر ہاؤس مری، گورنرہاؤس خیبرپختونخوا اور گورنر ہاؤس سندھ کو عام شہریوں کے لیے کھول دیا گیا۔
اس سے قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ اگر ہماری حکومت آئی تو تمام گورنر ہاؤسز کو فلاحی کاموں کے لیے استعمال میں لائیں گے۔