حرمین امور کے سربراہ و امام مسجد الحرام شیخ عبدالرحمان السدیس نے کورونا سے بچاؤ کے لیے بوسٹر ڈوز لگوا لی۔
سعودی عرب میں یکم فروری سے 18 برس سے زائد عمر کے افراد کیلئے بوسٹر ڈوز لازمی قرار دی ہے۔
وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ بوسٹر ڈوز نہ لگوانے پر توکلنا ایپ میں ویکسین یافتہ کا اسٹیٹس برقرار نہیں رہے گا۔ ویکسینیٹڈ کا اسٹیٹس برقرار رکھنے کے لیے بوسڑ ڈوز لازمی ہے۔
ویکسین یافتہ کا اسٹیٹس رکھنے کے لیے بنیادی شرط ویکسین کی دوخوراک لینے کے 8 ماہ بعد بوسٹر ڈوز لینا ہے جو کہ لازمی ہے۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی اشکال سے بچاؤ کیلئے بوسٹر ڈوز ناگزیر ہے اور وائرس کی نئی اقسام کے بعد بوسٹر ڈوز کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ سعودی وزارت صحت نے بوسٹر ڈوز کیلئے فائزر اور موڈرنا ویکسین کی منظوری دی ہے۔
حرمین کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر امام عبدالرحمان السدیس کی بوسٹر ڈوز لگوانے کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے اور ساتھ ہی عبارت میں دیگر اہل افراد سے اپیل کی گئی ہے وہ بھی تیسری ڈوز لگوائیں۔
انہوں نے زور دیا ہے کہ تمام عملہ اور مقدس مساجد کے زائرین وبا سے محفوظ رہنے کے لیے ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگوائیں۔