اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے ورلڈ اکنامک فورم کے صدر بوریگ برینڈے نے ملاقات کی، عمران خان نے ملاقات کے دوران نیشنل ایکسیلیریٹر قائم کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ورلڈ اکنامک فورم کے صدر بوریگ برینڈے نے ملاقات کی جس میں شفقت محمود، عبدالرزاق داؤد، عشرت حسین، سہیل محمود نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل ایکسیلیریٹر تکنیکی صلاحیت کے فروغ کے لیے ورلڈ اکنامک فورم کے ساتھ مل کر کام کرے گا، عمران خان نے عالمی فورم کے اقتصادی شعبے میں اصلاحات کے جائزے کی تعریف کی۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت اسٹریٹجک شعبوں پر توجہ مرکوز کررہی ہے، تعلیم اور مہارت کا فروغ ملکی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم نے ورلڈ اکنامک فورم کے صدر کو حکومت کے سیاسی، معاملی معاملات سے بھی آگاہ کیا، عمران خان نے پاکستان پر بھرپور اعتماد ظاہر کرنے پر عالمی فورم سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی فورم کے تعاون سے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کا ترسیلات زر بینکنگ چینلز سے بھیجنے پر اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ
دوسری جانب ورلڈ اکنامک فورم کے صدر بوریگ برینڈے نے کہا کہ نیشنل ایکسیلیریٹر کا قیام تعلقات کو مضبوط کرے گا، یہ ابھی شروعات ہے پاکستان سے تعاون مزید بڑھے گا، مہارت کے فروغ، ماحولیاتی تحفظ کے لیے مل کر کام کریں گے۔
بوریگ برینڈے نے کہا کہ عالمی فورم معاشی مسائل کے خاتمے میں تعاون کے لیے تیار ہے۔
ورلڈ اکنامک فورم کے صدر نے وزیراعظم کے ماحولیاتی تحفظ کے لیے اقدامات کی تعریف کی اور خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
بوریگ برینڈے نے وزیراعظم عمران خان کو فورم کی 50 سالہ تقریبات میں شرکت کی دعوت دی، ورلڈ اکنامک فورم کی تقریب آئندہ سال جنوری میں ڈیوس میں ہوگی۔