تازہ ترین

آج آٹے اور چینی کی قیمتیں‌ کم ہوئیں، فواد چوہدری کا دعویٰ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دعویٰ کر دیا ہے کہ آج ملک میں آٹے اور چینی کی قیمتیں کم ہوئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت معاشی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ آٹے کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، صرف سندھ میں آٹا مہنگا ہے، انھوں نے کہا عالمی سطح پر قیمتیں بڑھی ہیں، ہم کسی اور سیارے پر نہیں رہ رہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی میں کم ہوں گی تویہاں بھی ہوں گی۔

انھوں نے کہا مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، اپوزیشن کے پاس کوئی متبادل حل ہے تو پیش کرے، فواد چوہدری نے مہنگائی کا ایک اور حل پیش کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ اداروں کو چاہیے اپنے ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کریں، میڈیا مالکان کو ابھی پیسہ ملا ہے اس لیے ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کریں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت گھی، گندم، بجلی پر سبسڈی دے رہی ہے، پورا ملک سبسڈی پر نہیں چلایا جاتا، سبسڈی بھی عوام ہی سے لے کر دی جاتی ہے، اس سال حکومت نے 12 ارب ڈالر قرضہ واپس کرنا ہے۔

فواد چوہدری نے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے حوالے سے کہا کہ سارے معاملے حل ہو چکے ہیں، وزیر اعظم اور آرمی چیف کی ملاقات ہوتی رہتی ہے۔

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن والے جمہوریت پسند نہیں، ڈیل کی تلاش میں ہیں، پہلے کوشش تھی کہ فوج اور حکومت کے درمیان اختلاف ہو جائے، صبح سے رات تک عمران خان کو برا کہہ کر اپوزیشن اقتدار میں نہیں آ سکتی، ڈیل نہیں ہوئی تو پھر فوج کے خلاف تنقید شروع کر دی گئی۔

مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے انھوں نے تبصرہ کیا کہ انھوں نے جتنا استعمال ہونا تھا ہو چکے ہیں، فضل الرحمان کی سیاست ختم ہو چکی ہے، اب رینٹ اے کراؤڈ کا کام شروع کر دیں۔

قبل ازیں، آج وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی صورت حال پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر اعظم کو ملک میں مہنگائی کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی، اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پر گفتگو بھی کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں پر ٹیکسز کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ وزرا اپنے حلقوں میں مصنوعی مہنگائی پر نظر رکھیں، اور ان کے خلاف اقدامات کیے جائیں۔

Comments

- Advertisement -