پیر, فروری 17, 2025
اشتہار

وزیر اعظم دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : وزیر اعظم عمران خان چیئرمین این ڈی ایم اے کے ہمراہ سندھ کے دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان بجٹ اجلاس کے بعد سے مسلسل صوبوں کے دورے کررہے ہیں، عمران خان کراچی پہنچے تو گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ علی زیدی، محمد میاں سومرو، ڈاکٹرثانیہ نشتر، عاصم سلیم باجوہ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں جبکہ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل بھی عمران خان کے ساتھ کراچی پہنچے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ وزیراعظم کے استقبال کیلئے ایئرپورٹ پر نہیں آئے کیونکہ وزیراعلیٰ کو وزیراعظم کے دورے سے متعلق سرکاری سطح پر آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔

وزیر اعظم کرونا وائرس سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں کرونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے سندھ حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، کرونا مریضوں کے لیے موبائل اسپتال کا بھی معائنہ کریں گے۔

اس دوران وزیر اعظم تاجروں اور صنعت کاروں کے وفود سے ملاقات کریں گے، پی ٹی آئی کے صوبائی اراکین اسمبلی سے بھی ملاقات ہوگی، ذرایع کے مطابق وزیر اعظم سے ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کی ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔

یاد رہے وزیر اعظم نے 12 جون کو لاہور کا بھی دو روزہ دورہ کیا تھا، انھوں نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقاتیں کیں، ایوان وزیر اعلیٰ میں خصوصی اجلاس کی صدارت بھی کی، جس میں لاہور کے مختلف مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز پر بات چیت کی گئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں