اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ کیلئے شوکت خانم اسپتال کے ماہرین نے سیمپل لےلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم سے چند روقبل ملاقات کرنے والے فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر عمران خان کا احتیاطی طور پر کورونا ٹیسٹ کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے کرونا وائرس ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ کچھ روز قبل فیصل ایدھی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی، بطور ذمہ دار شہری وزیراعظم عمران خان نے اپنا کرونا ٹیسٹ کرانے پر رضامندی ظاہر کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شوکت خانم اسپتال کے ماہرین پر مشتمل ٹیم نے وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ کے لیے سیمپل حاصل کر لیے ہیں اور لیبارٹری میں تجزیے کے بعد رپورٹ تیار کی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں فیصل ایدھی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی اور انہیں کرونا ریلیف فنڈ کے لیے چیک پیش کیا تھا۔
سندھ حکومت نے فیصل ایدھی کی فیملی کا کرونا ٹیسٹ کرانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں، محکمہ صحت سندھ نے سول اسپتال کو ہدایت جاری کی۔
ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ فیصل ایدھی سے پہلے ان کے بیٹے کا بھی کروناٹیسٹ پازیٹو آیا تھا، جس کے بعد فیصل ایدھی کو کچھ دن گھر میں رہنےکی ہدایت کی گئی تھی، فیصل ایدھی 4 دن سےاسلام آباد میں تھے شک ہے وائرس وہیں سےمنتقل ہوا۔